وزیراعظم کا دورہ پاکستان: مثبت نتائج سامنے آئے، دفاعی تعاون کے امکانات بڑھے: چینی ترجمان

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے  کہ  چینی وزیر اعظم کا دورہ پاکستان، چین اور پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور سٹرٹیجک شراکت داری کی ایک اہم مثال ہے  جس کا مقصد دونوں ممالک کے مفادات کو فروغ دینا اور خطے میں استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔ بدھ کو پریس کانفرنس سے  خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کے وزیر اعظم لی چیانگ کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا عکاس ہے اور یہ 11 سال بعد چین  کے وزیر اعظم کا پہلا دورہ تھا۔ دورہ کے دوران لی چیانگ نے پاکستانی حکومت، پارلیمنٹ اور عسکری قیادت کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت کی جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کے مطابق اس دورے کے تین اہم مثبت نتائج سامنے آئے ہیں جن میں ایک سال کے اندر دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر حکومتی رابطوں اور تبادلوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے باہمی تعلقات کو تقویت ملی ہے۔ ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ عسکری قیادت کے ساتھ ہونے والی بات چیت نے سکیورٹی اور دفاعی شعبے میں مزید قریبی تعاون کے امکانات کو بڑھایا ہے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی سٹرٹیجک رہنمائی نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے اور ان تعلقات کو اعلیٰ سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے۔ چین نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اپنی خارجہ پالیسی میں ایک اہم ترجیح کے طور پر برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ پاکستان نے چین کے ساتھ تعلقات کو اپنی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیا جو کہ پاکستانی معاشرے کے تمام طبقات میں وسیع پیمانے پر تسلیم شدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے نتیجے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے مجرموں کو پکڑنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان نے یقین دہانی کرائی کہ ملک میں موجود چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی مکمل حفاظت کے لئے انسداد دہشت گردی کے اقدامات کو تیز کیا جائے گا۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دوطرفہ تعاون کے ماحول کو محفوظ بنانے کے لئے موثر حفاظتی اقدامات کرے۔ دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر انسداد دہشت گردی کے تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔ چین نے بھی پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے مدد کی پیشکش کی تاکہ ملک میں دوطرفہ تعاون کے لئے ایک محفوظ ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے اس تعاون کا مقصد نہ صرف باہمی تحفظ کو یقینی بنانا ہے بلکہ علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر حمایت بھی حاصل کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن