کوشش ہے پاکستان کا سافٹ امیج باہر جائے، مہمان اچھا تاثر لے کر جائینگے: عطا تارڑ

Oct 17, 2024

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے +آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون اجلاس کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں، غیر ملکی مندوبین پاکستان سے اچھا تاثر لے کر جائیں گے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت دارالحکومتوں میں سے ایک ہے، یہ کانفرنس سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے،27 سال بعد کوئی بڑا ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے، ایس سی او اجلاس کی صدارت کرنا پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایس سی او سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے اعزاز میں گزشتہ روز عشائیہ دیا،کل وزیراعظم سے قزاقستان، ترکمانستان سمیت دیگر ممالک کے سربراہان کی دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں تجارت، زراعت اور دیگر شعبہ جات پر باتیں ہوئیں، ہمارے وزرا اور فوکل پرسنز نے بھی مختلف وفود سے سرمایہ کاری اور دیگر نقطوں پربات کی۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ  گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال،امن و سلامتی اور دہشتگردی پر بات کی، وزیراعظم نے سربراہ اجلاس میں علاقائی سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی کی بات کی،  ایس سی او کے حوالے سے پوری دنیا کو بریف کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی تبادلوں کو آگے بڑھانا بہت ضروری ہے، کسی بھی ملک کے عوام اور اس کے سافٹ امیج میں ثقافت کا اہم کردار ہوتا ہے، چائنہ، منگولیا، روس اور دیگر ممالک کے کلچر ہم سے کافی حد تک مشترک ہیں، ہم نے دنیا کو باور کرایا ہم ایسے فورم کی میزبانی کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شرح سود وقت کے ساتھ ساتھ کم ہو رہی ہے، سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے، تمام اکنامک اشاریے بہت مثبت ہیں، معیشت ترقی کررہی ہے ، پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے۔وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر قائم کیا ہے، کوشش کی ہے غیر ملکی صحافیوں کو عالمی طرز کی سہولیات دی جائیں، امید ہے آنے والے صحافی مہمان بھی یہاں سے خوش ہوکر جائیں، کوشش کی ہے یہاں میڈیا نمائندوں کیلئے کسی قسم کی کمی نہ ہو، سمجھتے ہیں وزارت اطلاعات آپ کیلئے حاضر ہے، دن رات کوشش کر رہے ہیں پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کو جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی کوئی رسمی درخواست موصول نہیں ہوئی تاہم بھارتی وفد کی آمد عالمی سطح پر ایک اچھا اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزراء کے روس کے حالیہ دوروں کے دوران روس نے پاکستان کے زراعت، گیس، تیل اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ آکسفورڈ کے چانسلر کے انتخابات کے حوالے سے بھی اہم خبر آئی ہے مہذب معاشروں کے اندر قانون و آئین کی بالادستی ہوتی ہے۔ مقدمات میں ملوث افراد کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوتی، تحریک انتشار نے آئینی ترامیم پر دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو یاد رکھیں نشان عبرت آپ نہیں اسٹیٹ بنائے گی۔ کسی کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دھمکیاں دینا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، انہوں نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، 9 مئی کو حملے کئے اور شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا۔

مزیدخبریں