وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیرِ اعظم تقرری کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت نے تحریری جواب سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیرِ اعظم تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔تحریری جواب میں وفاقی حکومت نے کہا کہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیرِ اعظم کا اعزازی عہدہ دیا گیا، وہ وزیرِ اعظم کے اختیارات استعمال نہیں کرتے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ محمد شفیع صدیقی نے کہا کہ اسی نوعیت کا جو پہلے کیس دائر کیا گیا تھا اس پر عدالتوں کے فیصلے کیا تھے؟ 2012 میں لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الٰہی کی ڈپٹی وزیرِ اعظم کے عہدے پر تقرری کے خلاف کیا فیصلہ دیا تھا؟ اس کیس سے جڑا جو بھی جوڈیشل ریکارڈ ہو، پیش کیا جائے جس کے بعد عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔