ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے انگلینڈ کو پہلی اننگز میں جلد آؤٹ کر کے دوسری اننگز میں برتری حاصل کرلی۔ مہمان ٹیم کو 291 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز کا آغاز بھی پاکستان کے لیے اچھا نہ رہا اور قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 9 رنز پر گر گئی جب عبداللّٰہ شفیق 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔بعدازاں کھانے کے وقفے سے پہلے پاکستان کی دوسری وکٹ 25 اور تیسری وکٹ 43 رنز پر گر گئی۔ شان مسعود 11 اور صائم ایوب 22 رنز بنا سکے۔ اس سے قبل آج پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 291 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد پاکستان کو 75 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ آج کھیل کا آغاز ہونے کے کچھ ہی دیر بعد انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 248 اور آٹھویں وکٹ 256 رنز پر گر گئی۔ یہ دونوں وکٹیں ساجد خان کے حصے میں آئیں۔ انگلینڈ کی نویں وکٹ 262 رنز پر گری جب جیمی اسمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ مہمان ٹیم کی آخری وکٹ 291 رنز پر گری۔پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 اور نعمان علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔گزشتہ روز دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمان ٹیم 6 وکٹوں پر 239 رنز بنا سکی تھی اور اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 127 رنز درکار تھے۔قومی ٹیم پہلی اننگز میں 366 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔واضح رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستان کی طرف سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کامران غلام نے سنچری بنائی تھی جبکہ صائم ایوب 77 رنز بنا کر دوسرے ٹاپ اسکورر تھے۔خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔