آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے ساتھ انسداد منشیات کا بڑا آپریشن کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مشترکہ فوکسڈ آپریشن ”HIMALAYAN SPIRIT” میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس کولاچی نے حصہ لیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشترکہ آپریشن میں امریکہ بحریہ کے ائیر کرافٹ کیرئیر یو ایس ایس ابراھم لنکن (USS ABRAHAM LINCOLN)، امریکی کوسٹ گارڈ اور پاک بحریہ کے ہوائی جہازوں نے بھی مدد فراہم کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات آپریشن میں مشتبہ کشتی سے 1.3 ٹن حشیش برآمد کی گئی. بین الاقوامی مارکیٹ میں ضبط کی جانیوالی منشیات کی مالیت تقریباً 26 ملین امریکی ڈالرز ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک بحریہ کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی قیادت کر رہی ہے .جس کا مقصد سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے میری ٹائم سیکیورٹی کو فروغ دینا ہے۔