حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی

حکومت پنجاب نے دہشتگردی کے خطرہ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے صوبے بھر میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے.دفعہ 144 کا نفاذ 26 جولائی سے 28 جولائی تک برقرار رہے گا۔جمعرات کو ‏محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 3 روز تک پنجاب بھر میں کسی بھی طرح کے جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد ہو گی. خلاف ورزی کرنے والوں سے دفعہ 144 کے تحت نمٹا جائے گا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں دہشتگردی کا خطرہ ہے .جس کے باعث قیام امن، انسانی جانوں و املاک کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 لگائی جا رہی ہے۔نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی طرح کے عوامی اجتماعات دہشتگردوں کے لیے آسان ہدف ہو سکتے ہیں اس لیے عوامی مفاد میں صوبہ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا جا رہا ہے۔

نوٹیفکیشن میں امن و امان برقرار رکھنے والے اداروں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پنجاب بھر میں انتظامیہ کے حکم نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں. عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی تشہیر کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ 26 جولائی کو جماعت اسلامی پاکستان نے مہنگائی، بجلی کے بلوں میں اضافے اور آئی پی پیز کے خلاف اسلام آباد میں ’عوام کو حقوق دو‘ تحریک کے تحت دھرنے کی کال بھی دے رکھی ہے. جس میں پنجاب سمیت ملک بھر سے شہریوں کے شامل ہونے کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن