سڈنی (ثناء نیوز) القاعدہ نے طالبان سے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں موجود غیر ملکی شہریوں کو اغواء کرنے کی مہم شروع کریں تاکہ امریکی فوج کو قیدیوں کے تبادلے کیلئے مذاکرات پر مجبور کیا جا سکے۔ ’’آسٹریلوی میڈیا‘‘ کے مطابق القاعدہ کے سینئر راہنما اور مشیر مصطفی حامد عرف ابو ولید المصری نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ غیرملکی شہریوں کو نشانہ بنایا جائے۔ ان کاکہنا تھاکہ اب انہیں بھی کھیل کے قانون کو تبدیل کرنا ہو گا جیساکہ امریکہ نے کیا ہے۔ المصری نے کہاکہ امریکی فوجی زیرحراست مسلمان قیدیوں پر تشدد کرتے ہیں۔ طالبان کو بھی وہی عمل دہرانا چاہئے جو دشمن کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ المصری 2003 ء سے ایران میں قید ہے لیکن ان کا جہادی ویب سائٹس کے با اثر گروہ سے رابطے ہیں۔