لاہورمیں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔جبکہ آج ڈینگی بخار سے دوخواتین سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہارگئے،جس کے بعد ڈینگی وائرس کےباعث ہلاک ہونےوالوں کی تعداد پینتس ہوگئی ہے۔آج سروسز ہسپتال میں کاجل نامی اٹھارہ سالہ لڑکی اورفوجی فاؤنڈیشن میں میمونہ نامی خاتون جاں بحق ہوگئی، پی این ٹی کوارٹرزمیں چالیس سالہ شخص غفاربھی چل بسا جبکہ مقامی نجی ہسپتال میں داخل پچپن سالہ مظاہرکی جان بھی ڈینگی بخار نے لے لی۔دوسری جانب وائرس کی شدت میں اضافے کے بعد ہسپتالوں میں متاثرہ مریضوں کا انتہائی رش دیکھنے میں آرہا ہےاور بازاروں میں مچھرمارادویات اورسپرے کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ ڈینگی پرقابو پانے کےلئے سری لنکا سے آئے ماہرین کی ٹیم نےلاہورکےعلامہ اقبال میڈیکل کالج کا دورہ کیا، اس موقع پر ٹیم کےسربراہ نےامید ظاہرکی کہ جلدمرض پرقابوپالیاجائے گا۔دوسری جانب ضلع نارروال کےدوافرادمیں بھی وائرس کی تشخیص ہوگئی ہےجبکہ صوبائی دارالحکومت کے علاوہ صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عوام میں ڈینگی کےحوالے سے آگاہی پیداکرنےکےلئے مہم جاری ہے۔ پنجاب کےبعدخیبرپختونخوا،سندھ اور بلوچستان میں بھی ڈینگی خوف کی علامت بن گیاہے اورمریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔