اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے وزیر داخلہ رحمن ملک پر سندھ کے مستعفی وزیر ذوالفقار مرزا کی طرف سے لگائے جانےوالے سنگین الزامات کے باوجود وزیر داخلہ کی کھلی حمایت کردی۔ جمعہ کو یہاں ایک تقریب میں جب وزیراعظم سے یہ سوال کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے ایک سینئر رہنما اور سندھ کے سابق سینئر وزیر نے وزیر داخلہ پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں ان کےخلاف کوئی کارروائی کی جارہی ہے؟ تو وزیراعظم نے رحمن ملک کےخلاف کسی قسم کی کارروائی کے برعکس ان کی کھلی حمایت کرتے ہوئے شاعر مشرق علامہ اقبال ؒکے ایک مشہور شعر کے مصرعہ سے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کیلئے“۔