مہنگائی کا ایک اور حکومتی حملہ: پٹرول 6.82 روپے ‘مٹی کا تیل62 پیسے لٹرمہنگا‘ سی این جی5.71 روپے کلو بڑھ گئی‘ڈیزل1.75 روپے لٹر سستا

 اسلام آباد (خبرنگار + نوائے وقت نیوز + آن لائن) حکومت نے غریب اور بے بس عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ایک اور بم گرا دیا۔ وزارت خزانہ نے ڈیزل کے علاوہ تمام پٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ جس پر اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پٹرول 6 روپے82 پیسے فی لٹر اضافے کے ساتھ دستیاب ہو گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تیل کمپنیوں کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے سمری بھجوائی گئی تھی جسے اوگرا نے وزارت خزانہ کو بھجوا دیا تھا ۔حکومت چاہتی تو پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دے سکتی تھی لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا ۔حکومت کا کہنا ہے عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ صارفین پر منتقل کیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور ڈیزل میں اضافہ ہوا اس ہفتے پٹرول میں اضافہ اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔گزشتہ رات 12 بجے سے پٹرول کی قیمت میں 6.82 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمت کے ساتھ پٹرول کی قیمت 106.72 روپے ہوگئی ہے اسی طرح مٹی کا تیل62 پیسے فی لٹر اضافے کے ساتھ 104.68 روپے فی لٹر، ہائی اوکٹین 1.50 پیسے فی لٹر اضافے کے ساتھ 137.96 روپے فی لٹر میں فروخت ہوگا جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 1.75 روپے فی لٹر کمی کے ساتھ 113.70 پیسے میں فروخت ہوگا۔ سی این جی ریجن ون جس میں خیبر پی کے، پوٹھوہار ریجن (راولپنڈی، اسلام آباد، گوجر خان) شامل ہیں میں 6روپے 26پیسے جبکہ ریجن ٹو جس میں سندھ اور پنجاب (پوٹھوہار ریجن کے علاوہ) شامل ہیں میں 5روپے 71 پیسے فی کلو گرام اضافہ کیا گیا ہے۔ سی این جی ریجن ون میں نئی قیمت 97.71 روپے جبکہ ریجن ٹو میں 89.26 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن‘ حکومتی اتحادی جماعتوں‘ تحریک انصاف اور عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام سے ظلم و زیادتی قرار دیتے ہوئے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) ‘ جمعیت علماءاسلام (ف)‘ ایم کیو ایم‘ مسلم لیگ (ق) ‘ تحریک انصاف نے اضافہ مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے عالمی مارکیٹ میں قیمتیں اتنی نہیں بڑھیں جس تناسب سے بڑھائی گئی ہیں۔ قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو گا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئندہ انتخابات میں ان کے عوام کے پاس جانے کیلئے ٹف ٹائم کا باعث بنے گا۔ عوام نے اس اضافہ کو ظلم و زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا حکومت نے عوام پر ڈرون حملہ کیا ہے جس سے غریبوں کے لئے گھر کا بجٹ بنانا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی کا دارومدار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے ہوتا ہے جس کے باعث ان کیلئے گھر کا چولہا جلانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ پٹرول پمپوں اور سی این جی سٹیشنز نے شہریوں کو سپلائی بند کر دی۔ پمپ مالکان نے شہریوں سے کبھی لوڈشیڈنگ اور کبھی پیچھے سے سپلائی نہ آنے کا بہانہ بناتے ہوئے پٹرول اور سی این جی دینا بند کر دی جبکہ پمپوں پر سستے ہونے والے ڈیزل کی سپلائی جاری رکھی گئی۔ پٹرول اور سی این جی سپلائی بند ہونے سے پمپوں کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بعض مقامات پر پٹرول پمپ مالکان اور شہریوں میں جھگڑے کے واقعات بھی پیش آئے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق پیٹرول پمپس مالکان نے اتوار کی چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پر پٹرول کی فروخت بند کردی۔ جن چند پٹرول پمپس پر پٹرول کی سپلائی جاری تھی وہاں پر موٹرسائیکلوں کو 100روپے جبکہ کار کیلئے5لٹر سے زائد پٹرول نہیں دیا جا رہا تھا۔ پٹرول کی بندش کے باعث مختلف پیٹرول پمپس پر پٹرول کے حصول کیلئے آنیوالوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ اکثر پیٹرول پمپس مالکان نے پٹرول کی سپلائی کو معطل کرنے کیلئے بجلی کی بندش کے باعث پٹرول پمپس بند ہے کے بورڈز آویزاں کردیئے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...