لاہور (پ ر) صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک ملک احمد علی اولکھ نے محکمہ لائیوسٹاک کے افسروں کو سیلاب سے متاثرہ جانوروں کے علاج معالجہ کی سرگرمیوںکو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ سیلاب میں زخمی اور بیمار جانوروں کے علاج و معالجہ کو ترجیحی نبیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک سیلاب زدہ علاقوں میں مویشیوں کے لئے متوازن خوراک، انمول ونڈا، بھوسہ گندم اور خشک چارہ بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی لائیوسٹاک افسر زندگی بچانے والی ادویات، حفاظتی ٹیکہ جات اور دیگر ضروری ادویات کی متاثرہ علاقوں میں فراہمی کو یقینی بنائیں اور تمام صورتحال کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر صوبائی فلڈ ریلیف سیل کو بھیجیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ بڑے جانوروں گائے، بھینسوں کو گل گھوٹو، چوڑے مار اور منہ کھر جبکہ چھوٹے جانوروں بھیڑ بکریوں کو انتڑیوں کا زہر، پلورو نمونیا، پی پی آر، اینتھریکس اور مرغیوں کو رانی کھیت اور فاﺅل پاکس کے حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کے علاوہ جانوروںکی ڈیورمنگ بھی کی جا رہی ہے۔