انقرہ (سلیم بخاری) وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ترکی جانے والے وفد اور میڈیا کے ارکان پاکستان، ترکی دوستی کا مظاہرہ دیکھ کر بہت زیادہ حیران ہوئے۔ انقرہ کے سب سے اہم اور پوش علاقے میں بابائے قوم قائداعظمؒ کی تصویر ایک فریم میں نصب ہے۔ جناح روڈ انقرہ کے دل میں سب سے اہم سڑک ہے۔ یہ شہر کا سب سے اہم انٹرچینج اور مین چینل ہے۔ یہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نام سے منسوب ہے۔ ترکش زبان میں جناح کو Cinnah کہا جاتا ہے۔ جناح روڈ ترکی کے دارالحکومت کے اہم صنعتی اور سیاسی ضلع کی اہم سڑک ہے۔ اس سڑک پر کئی لین ہیں اور اس کے گرد اونچی عمارات، رہائشی کمپلیکس اور عوامی مقامات جیسے پارک اور دوسری بڑی سڑکیں ہیں۔ اس سڑک پر بہت سی چھوٹی سڑکیں اور لین آ کر ملتے ہیں۔ اس سڑک پر بہت سے اہم بینک کارپوریشن اور صنعتی دکانیں ہیں۔ اس سڑک پر حکومتی دفتر اور بھارت، کینیڈا سمیت کئی بیرونی ممالک کے سفارت خانے ہیں۔ اس سڑک پر موجود رہائشی عمارتوں کا کرایہ شہر میں سب سے زیادہ ہے۔ انقرہ کی ترقی کے دوران جب یہ سڑک بنی اس وقت سے ترکش حکام نے اسے پاکستان کے بانی قائداعظمؒ محمد علی جناح کے نام سے منسوب کر دیا۔ قائداعظمؒ نے ترک رہنما مصطفی کمال کی بہت سی پالیسیاں اور اصلاحات نافذ کیں۔ سڑک کو قائداعظمؒ سے منسوب کرنا دراصل دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ بالکل اسی طرح پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی اہم سڑکیں مصطفی کمال اتاترک کے نام سے منسوب ہیں اور کراچی میں بھی ایک سڑک ان کے نام منسوب ہے۔
جناحؒ روڈ: انقرہ میں پاکستان، ترکی دوستی کی علامت
Sep 17, 2013