اپردیر کا واقعہ مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے : شہبازشریف

Sep 17, 2013

انقرہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کئے جائیں گے۔ اپر دیر کا واقعہ طالبان سے مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ مذاکرات کون سبوتاژ کر رہا ہے۔ ترک حکام سے سکیورٹی، درآمدات اور برآمدات بڑھانے پر بھی مذاکرات ہوں گے۔ لاہور میں میٹرو بس منصوبے کو مزید وسعت دیں گے۔ ترکی جیسی محبت کم ملکوں میں ملتی ہے۔ ہائیڈل او پن بجلی منصوبوں میں ترکی سے اشتراک ہو سکتا ہے۔پنجاب نہیں پاکستان کو ٹھیک کرنے ترکی آئے ہیں۔ راولپنڈی اور دیگر شہروں میں میٹرو بس چلانے کے لئے سمجھوتے ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف ترکی میں باہمی تعاون پر مبنی ایک کثیرالجہت ایجنڈے کے ساتھ آئے ہیں اور اس دورے سے پاک ترک تعلقات میں بھی نئے اباب کا اضافہ ہو گا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام میں دوستی اور بھائی چارے کا ناقابل شکست رشتہ موجود ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت کم نہیں کر سکتی۔ میں جب بھی ترکی آیا ہوں میں نے اپنے ترک بھائیوں میں پاکستان سے محبت کے نئے انداز دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان محبت کے رشتوں کی تاریخ بہت پرانی ہے لیکن اسے باہمی تعاون کی عمل شکل دینے کا اعزاز مسلم لیگ (ن) کو حاصل ہے۔ 

مزیدخبریں