اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بارودی مواد گاڑی کیس کے ملزم حماد عادل نے شہباز بھٹی کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔ حماد عادل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہباز بھٹی کے گھر سے نکلتے ہی ہم نے گاڑی روک کر فائرنگ کی۔ تنویر، عمر عبداللہ اور میں نے شہباز بھٹی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ شہباز بھٹی کے قتل کیلئے تنویر اے کے 47 رائفل فاٹا سے لے کر آیا۔ یاد رہے ملزم حماد عادل کو گزشتہ روز تھانہ سبزی منڈی کے علاقے سے پولیس نے رات گئے گرفتار کیا تھا۔ ایس پی سٹی مستنصر فیروز نے بتایا ملزم حماد عادل بارود سے بھری گاڑی اپنے گھر سے برآمد ہونے کے موقع پر فرار ہوگیا تھا۔
حماد عادل نے شہباز بھٹی کے قتل کا اعتراف کرلیا، اسلام آباد پولیس کا دعویٰ
Sep 17, 2013