کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) نال اور بسیمہ کے سرحدی علاقے کوڈک کے مقام پر ڈاکوئوں اور لیویز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تین لیویز اہلکار زخمی ڈاکو اپنے پانچ ساتھیوں کو چھڑا کر لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز نال اور بسیمہ کے سرحدی علاقے کوڈک میں ڈاکوئوں نے ایک آئل ٹینکر چھین لیا جس پر لیویز نے ڈاکوئوں کا پیچھا کیا اور پانچ ڈاکوئوں کو گرفتار کرلیا ڈاکوئوں کو گرفتار کرکے جب واپس لایا جارہا تھا تو قریبی پہاڑوں سے انہوں نے لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے تین لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملہ آور اپنے گرفتار پانچ ڈاکوئوں سمیت دو گاڑیوں جو تحصیلداروں کی تھی دو موٹر سائیکلوں اور 25کلاشنکوفوں کو لے جانے میں کامیاب ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھاری تعداد میں لیویز اہلکار موقع پر پہنچ گئے تاہم ملزمان اپنے پانچ ساتھیوں گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور کلاشنکوفوں کو لے جانے میں کامیاب ہوگئے تینوں لیویز اہلکاروں کو مقامی ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔