اسلام آباد (اے این این) مسلم لیگ (ن) نے خیبر پی کے کے ترقیاتی بجٹ کے ناجائز استعمال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے کہا ہے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ترقیاتی بجٹ پر سٹاک مارکیٹ میں سٹہ کھیلا ہے، معاملہ نیب میں لیکر جائیں گے، نندی پور منصوبے سے متعلق تمام الزامات بے بنیاد ہیں، حکومت ہر فورم پر تحقیقات کیلئے تیار ہے، الزامات لگانے والے ثبوت لے کر نیب کے پاس کیوں نہیں جاتے، تحریک انصاف جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے، عمران خان فوج اور رینجرز کی خوشامد کر رہے ہیں۔ بدھ کو نجکاری کمشن کے چیئرمین محمد زبیر نے دانیال عزیز اور طارق فضل چوہدری کے ہمراہ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا حکومت تمام منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھے ہوئے ہے اور مخالفین محض پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔ سوشل سیکٹر کی ترقی ہماری ترجیح، منشور میں کیے گئے وعدے پور کریں گے۔ دانیال عزیز نے کہا تحریک انصاف تنقید برائے تنقید کررہی ہے۔ دھرنے کی ناکامی سے وہ بوکھلا چکے ہیں وہ جمہوریت کش فیصلے کررہے ہیں۔ نیب کے مقدمات میں 92 فیصد بیورو کریٹس سے تعلق رکھتے ہیں۔ سیاستدانوں سے صرف چند فیصد کا تعلق ہے۔ 179 مقدمات میں صرف 10 فیصد کا تعلق سیاستدانوں سے ہے۔ ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی کرپشن میں 82 فیصد کا سیاستدانوں کا تعلق نہیں ہے۔ تحریک انصاف ترقیاتی منصوبوں پر بلاوجہ تنقید کررہی ہے۔ تحریک انصاف الیکشن کمیشن کی تذلیل کررہی ہے۔ آئینی اداروں کی تذلیل جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ پنجاب کی کارکردگی باقی تمام صوبوں سے بہتر ہے۔ چوہدری شجاعت نے اعتراف کرلیا ہے، دھرنے کا مقصد حکومت کو کمزور کرنا تھا۔ دھرنے کی سازش بے نقاب ہوچکی ہے۔ نندی پوری منصوبے پر کسی کے پاس کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔ خود پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت سٹاک ایکسچینج میں سٹہ کھیل رہی ہے۔ ہم اس معامل کو نیب میں لیکر جائیں گے۔ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ پی کے حکومت ہائیڈل کرپشن میں ملوث ہے، ہم انکی کرپشن کو بے نقاب کریں گے۔
مسلم لیگ (ن)
نندی پور منصوبہ ، تحریک انصاف کے پاس کرپشن کے ثبوت ہیں تو نیب کیوں نہیں جاتی: چیئرمین نجکاری کمشن
Sep 17, 2015