لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا ہے 19 ستمبر کو دولہا بن جاوں گا میری پرستار لڑکیاں اپنا خیال رکھیں۔ان خیالات کا اظہار احمد شہزاد نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں دعوت ولیمہ کے کارڈ کی تقسیم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی والدین کی مرضی سے کر رہا ہوں۔ امید ہے شادی سے پہلے کی لائف کی طرح شادی کے بعد کی زندگی بھی اچھی گزرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہندی کی رسم نہیں ہوگی جبکہ برات لڑکی والوں کا فنکشن ہے۔ ولیمہ کی تقریب میں میڈیا کو بھی شرکت کی دعوت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اب ذمہ دار شخص بننا چاہتا ہوں جہاں تک پرستار لڑکیوں کی بات ہے وہ اپنا خیال رکھیں اور مجھے پہلے کی طرح چاہتی رہیں۔