لاہور(سپورٹس رپورٹر) اولمپک کونسل آف ایشیا کے 34 ویں جنرل کونسل اجلاس میں تمام عہدیدار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ شیخ احمد الفہد الصباح جو ایسوسی ایشن آف اولمپک کمیٹیز کے بھی صدر ہے او سی اے جنرل اسمبلی اجلاس میں اگلی چار سالہ مدت کے لیے صدر منتخب ہو گئے جبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن جو آٹھ سال سے ایگزیکٹو باڈی کے ممبر بھی ہیں تیسری مرتبہ نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔ سید عارف حسن نے پاکستان سمیت جنوب ایشیا میں اولمپک موومنٹ کے لیے بڑی خدمات انجام دے رکھی ہیں جس پر انہیں تیسری مرتبہ نائب صدر کے عہدہ پر منتخب کیا گیا ہے جو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستانی کھیلوں کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ سید عارف حسن نے اپنے پیغام میں او سی اے کے صدر شیخ احمد الفہد الصباح کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وجہ سے دنیا میں کھیلوں کو فروغ مل رہا ہے جس پر پاکستان کی تمام اولمپک فیملی کو فخر ہے۔