لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے کامیابی سے آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور آپریشن ضرب عضب کے ذریعے پاک افواج نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں پر زمین تنگ کردی گئی ہے۔ پاک افواج اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے موثر اقدامات کے باعث دہشت گردی کےخلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں اور آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں قوم کو دوبارہ امن نصیب ہوا ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور آج قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سےسہ پلائی دےوار کی طرح کھڑی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں اور پاکستان آج پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن ملک ہے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ ہر قیمت پر جیتنا ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدےد مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اورکشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ بھارتی فوج جدوجہد آزادی کشمیر کو دبانے کےلئے پیلٹ گولیوں سمیت کئی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ پیلٹ گن کی گولیاں معصوم و نہتے کشمیری عوام کی بصارت توچھین سکتی ہیں لیکن بصیرت نہیں۔ شہباز شریف نے اردو اور پنجابی زبان کے صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعر، نقاد، مترجم اور ماہر تعلیم پروفیسر حسین سحر اور کمشنر فیصل آباد ڈویژن مومن آغا کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔