وزیراعظم نے خواجہ اظہار کی رہائی کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو مجبور کیا: عمران

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم کی سندھ کے معاملات میں مداخلت پر اظہار تشویش کیا ہے۔ عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کو وزیراعظم کی مداخلت نے سیاست زدہ بنا دیا۔ وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کو اور ایس ایس پی کراچی کو معطل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو مجبور کیا۔ راﺅ انوار قانون کے مطابق پیشہ وارانہ ڈیوٹی کر رہے تھے۔ سیاسی مداخلت پر ہی پنجاب، سندھ پولیس امن و امان برقرار رکھنے سے قاصر ہے۔ خیبر پی کے میں ایسی سیاسی مداخلت کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ خیبر پی کے پولیس کو پیشہ ورانہ طور پر مضبوط بنا دیا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے خوفزدہ ہیں۔ دریں اثناءتحریک انصاف کا ورکرز کنونشن کل اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت عمران خان کرینگے۔  جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ تحریک انصاف لاہور اربن اور تحریک انصاف لاہور رورل کے عہدیداران و ارکان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن میں شرکت کیلئے لاہور سے روانہ ہوگئے۔ لاہور اربن کے کارکنوں کی قیادت ولید اقبال اور حماد اظہر کر رہے ہیں۔ لاہور رورل کے کارکن ملک ظہیر عباس کھوکھر اور اعجاز ڈیال کی قیادت میں روانہ ہوئے۔ لاہور سے اسلام آباد روانگی کے موقع پر تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائیونڈ مارچ میں لاہور کے عوام بھرپور شرکت کرینگے۔ تحریک انصاف درباریوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والی نہیں۔ دریں اثناءتحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی میں اختلافات کو تقسیم اور دھڑے بندی کے طور پر پیش کرنا سراسر زیادتی ہے۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے احتساب میں پوری جماعت مکمل طور پر یکسو اور یکجا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم سمجھ لیں رائیونڈ مارچ ہر صورت کامیابی سے مکمل کریں گے‘ مسلم لیگ (ن) سے کرپشن کا حساب ہر صورت لیکر رہیں گے۔ رائیونڈ مارچ کو روکنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی ڈنڈا بردار فورس پر رد عمل دیتے ہوئے نعےم الحق نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب میں فتنہ گر مسلح جتھے تیار ہو رہے ہیں تاہم یہ مسلح جتھے اور ڈنڈا بردار فورس نواز شریف کے گلے کا طوق بنے گی قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلح جتھوں کی سرپرستی کا نوٹس لیں۔ مسلم لیگ ن رائیونڈ مارچ پر پوری طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہے، تحر ےک انصاف پہلے بھی مسلم لیگ ن کے گلوبٹوں کا مقابلہ کرتی رہی ہے، پنجاب میں اشتعال انگیزی کی کوشش قابل مذمت ہے۔

ای پیپر دی نیشن