پاکستان کے بدخواہ ہمارے بھی دشمن ہیں : ترک وزیراعظم: دوستی بہت مضبوط ہو گئی : شہبازشریف

Sep 17, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے استنبول میںوزیراعلیٰ شہبازشریف کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ترکی کے وزیراعظم نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے رشتے مثالی رشتے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ان میں رخنہ نہیں ڈال سکتی۔ ترک حکومت پاکستانی قیادت کے ساتھ ملکر دونوں ملکوں کے تعلقات کو ٹھوس اقتصادی روابط کی شکل دینے کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے۔ پاکستان کے بدخواہ ترکی کے بدخواہ ہیں اور ترکی کے دوست پاکستان کے دوست ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اورکسی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اس حوالے سے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنائے۔ ترک وزیراعظم نے اس موقع پر پنجاب حکومت کے ساتھ کم آمدنی والے افراد کیلئے رہائشی سہولتیں، ٹرانسپورٹ، صحت، امن و عامہ اور دیگر شعبوں میں مدد اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ترک وزیراعظم نے شہبازشریف کی اس تجویز سے اتفاق کیا ترکی اور پاکستان کے درمیان تجارتی مراسم کو فروغ دینے کیلئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے جس میں دونوں ممالک کے متعلقہ حکام اور افراد شامل ہو۔ انہوں نے کہا میں آپ کو ترک حکومت اور ترکی کے عوام کی طرف سے استنبول آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں اورآپ کا یہ دورہ پاک ترک دوستی کو مزید استحکام دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ ترکی اور پاکستانی عوام عالمی مسائل پر ایک ہی طرح سوچتے ہیں اور دونوں ملکوںکے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔گزشتہ چار برسوں کے دوران ترکی کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین دوستی کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوچکا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیاں اقوام عالم کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہیں۔ پاکستان نے اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر کافی حد تک قابو پالیا ہے اور ترکی جیسے دوستوں کی مدد اور تعاون سے دہشت گردی پر بہت جلد مکمل قابو پالیںگے۔ شہبازشریف سے استنبول میں ترکی زبان سیکھنے والے پاکستانی طلباء و طالبات نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ میں سے ہر طالبعلم پاکستان کا سفیر ہے اور آپ اپنے عمل اور محنت سے ثابت کریں کہ پاکستانی بہترین قوم ہیں اور آپ نے اپنے طرز عمل سے ملک و قوم کا نام روشن کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے طلباء و طالبات سے کہا کہ محنت سے ترک زبان سیکھیں کیونکہ محنت ہی کامیابی کا راستہ ہے۔ طلباء و طالبات نے شہبازشریف اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ کی ذاتی دلچسپی کے باعث ہمیں ترک زبان سیکھنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ شہبازشریف نے فتح سلطان محمد ہسپتال، استنبول کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو ہسپتال حکام نے ہسپتال کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ صحت کے شعبہ میں ترکی کے تجربات اور اقدامات قابل تقلید ہیں۔ محمد شہبازشریف نے ترک سرمایہ کاروں کے مختلف وفود سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران پاکستان کو توانائی کے بحران سمیت مختلف سنگین مسائل سے نمٹنے کیلئے ترکی کے تعاون کو پاکستان کی آئندہ نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک ترک تعلقات کی جڑیں تاریخ میں دور تک پیوستہ ہیں‘ لیکن ان تعلقات کو ٹھوس اقتصادی تعاون کی شکل دینے پر ہم ترکی کی موجودہ قیادت کے شکرگزار ہیں۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے میچوں کے دوران پنجاب حکومت نے سکیورٹی اور دیگر امور کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے جس کا بنیادی مقصد عوام اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سہولتیں فراہم کرنا تھا۔ ان میچوں کا پرامن اور پرسکون ماحول میں انعقاد پرامن پاکستان کی جیت اور امن دشمنوں کی شکست ہے۔ ٹیموں کی ہار اور جیت سے قطع نظر پرامن پاکستانی قوم کو فتح ملی ہے اور دشمن چاروں شانے چت ہوا ہے۔
شہبازشریف

مزیدخبریں