خوشاب (شیخ محمد شاہد + نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران خان نے خوشاب میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ آج لاہور میں کرپشن کے خلاف جنگ کا فیصلہ ہونا ہے اور مجھے یقین ہے کہ لاہور کے لوگ پاکستان میں نئی تاریخ رقم کریں گے اور نوازشریف اور انکی فیملی جسے سپریم کورٹ نے چو رقرار دیا ہے اسے بھاری اکثریت سے مسترد کر دیں گے۔ پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے اور سنگا پور جیسے ممالک کرپشن پر قابو پا کر ہم سے آگے نکل گئے‘ ملک میں کرپشن کے سارے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں لیکن اب شریفوں کا وقت ختم ہو گیا ہے انکی اصل جگہ اڈیالہ جیل ہے۔ مریم نواز کو اپنی نالائقی کے سبب پورے ملک کو تباہ کررہی ہیں۔ شریف فیملی تیس سال میں ایسا ایک بھی ہسپتال نہیں بنا سکی جہاں نوا زشریف یا کلثوم نواز شریف کا علاج ہو سکے۔ بڑے ڈاکو پیسہ باہر لے جاتے ہیں، چھوٹے چور پیسہ ملک میں خرچ کرتے ہیں۔ قوم کرپشن سے غریب ہوتی ہے اور ”کیوں نکالا“ طبقہ ارب پتی بن جاتا ہے، مریم نواز نے کہا تھا کہ بیرون ملک تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں۔ پانامہ سے پہلے مریم سے پوچھاگیا کہ لندن فلیٹ آپ کے ہیں؟مریم نے کہا تھا کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی میری جائیداد نہیں؟ مریم کو کیا پتا تھا کہ پانامہ میں انکشاف ہوجائے گا۔ این اے 120 میں زبردست میچ ہونے والا ہے ایک طرف وفاقی‘ صوبائی حکومت‘ وسائل‘ سرکاری مشینری اور وزرا موجود ہیں جبکہ دوسری طرف پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد ہیں۔ این ے 120 کے لوگو پورا پاکستان آپ کی طرف دیکھ رہا ہے‘ مسئلہ ہے شکر ہے کہ قوم کو سمجھ آ گئی ہے کہ 21سال سے کیا کہہ رہا تھا۔ مریم نوازشریف کو جھوٹ بولنے کی ضرورت کیوں پڑی؟ حسین نواز نے کہا الحمداللہ لندن میں ہماری پراپرٹی ہے اگر ان کے پاس حلال کا پیسہ ہوتا تو جھوٹ نہ بولنا پڑتا‘ سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتا ہوں‘ آپ نے ہمیں امید دی ہے لاہور کے لوگ فیصلہ کریں گے وہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قوم غربت میں ڈوب گئی اور ان کے بچوں کے بچے بھی ارب پتی بن گئے۔ نوازشریف کا بیٹا 600کروڑ کے گھر میں رہتا ہے‘ حکمرانوں نے عوام پر پیسہ خرچ کرنے کی بجائے محلات بنائے۔ این ے 120 کے لوگو یہ پیسہ دیتے ہیں تو پکڑ لو‘ ضمیر خریدنے والوں سے پیسہ لے لو۔ لیکن ووٹ بلے کو دینا۔ انہوں نے ججز، الیکشن کمشن کے لوگوں کو بھی خریدا۔ این اے 120 کے عوام ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں۔ مجھے نیا پاکستان نظر آ رہا ہے۔ خیبر پی کے میں پہلی باری کی حکومت ہے۔ خیبر پی کے میں پنجاب کے مقابلے میں چار گنا غربت کم ہوئی۔ اگلے الیکشن میں دوتہائی اکثریت سے جیتیں گے۔ خیبر پی کے میں فضل الرحمن کا حال ہی بہت بُرا ہونے والا ہے۔ قومی اسمبلی میں کئی بڑے بڑے قاتل اور قبضہ گروپ نظر آتے ہیں۔ علاوہ ازیں ویڈیو پیغام عمران خان نے کہا ہے کہ آج کا الیکشن فیصلہ کن ہو گا‘ عوام اپنی اور بچوں کی تقدیر بدلنے کیلئے باہر نکلیں۔ حلقے کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں اور ان کا یہ ووٹ پاکستان کی عدلیہ اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پہلی بار ملک کی تاریخ میں طاقتور کا احتساب ہوا ہے۔
عمران
این اے 120 میں زبردست میچ‘ عوام مسلم لیگ نون سے پیسہ لے کر ووٹ بلے کو دیں : عمران
Sep 17, 2017