لندن (عارف چوہدری+این این آئی) برطانوی پولیس نے میٹرو ٹرین دھماکے کے الزام میں ایک 18سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ وزیر اعظم تھریسا مے نے ایک اور دہشت گرد حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے شبے میں گرفتار 18سالہ نوجوان برطانیہ سے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسے حراست میں لے لیا گیا ۔پورے لندن میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ اہم عمارتوں کی حفاظت کیلئے فوج نے بھی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ کی صدارت میں سکیورٹی اداروں کا اہم اجلاس ہوا جس میں ددہشت گردی واقعات کی روک تھام کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی۔برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے حملے میں مبینہ طور پر ملوث شخص کی شناخت سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے کرنے کا دعوی کیا ہے ۔میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا تھاکہ واقعے کی تحقیقات انسدادِ دہشت گردی ونگ کو سونپ دی گئی ہے اور اب تک ملنے والے شواہد سے لگتا ہے کہ دھماکہ دہشت گردی کا نتیجہ تھا۔ برطانوی وزیراعظم نے ملک میں ایک اور حملے کے خدشے سے خبردار بھی کیا ہے۔علاوہ ازیں لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ دارالحکومت کی سڑکوں پر مزید پولیس فورس تعینات کی جائے گی تاکہ شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنائی جاسکے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مغربی لندن میں زیرزمین ریلوے سٹیشن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے درجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے۔وزیر اعظم تھریسا مے نے کہا لندن کے زیر زمین ریلوے سٹیشن پر دھماکہ کے بعد اب حفاظتی اقدامات مزید سخت کئے ہیں۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خطرہ کو اب شدید خطرہ کے طور پر لیا جائے گا۔
لندن
لندن دھماکہ: 18 سالہ نوجوان گرفتار فوج تعینات، ایک اور حملے کا خطرہ ہے: تھریسا مے
Sep 17, 2017