کابل (اے ایف پی) جنوبی افغانستان میں نیٹو قافلے پر خودکش حملے میں رومانیہ کے ایک فوجی کے ہلاک اور 2 زخمی ہونے کی تصدیق ہوگی۔ صوبہ قندھار کے ضلع دامان میں فوجی قافلے میں شامل گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بارودی گاڑی اڑائی گئی۔ رومانیہ کی وزارت دفاع نے ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ مقامی حکومت کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ حملہ قندھار کے صوبائی دارالحکومت میں واقع فضائی اڈے کے قریب ہوا۔ فضل باری برعلی نے بتایا کہ خودکش بم حملہ آور نے بارود سے بھری موٹر گاڑی غیر ملکی فوجی قافلے سے جا ٹکرائی جو معمول کے گشت پر تھی۔ طالبان ترجمان نے فوری طور پر دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں فوجی گاڑی تباہ ہوئی۔ ایک بیان میں قاری یوسف احمدی نے کہا ہے کہ ہم ایک بار پھر (نیٹو) کو یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ یہاں ان کے فوجی ہلاک ہوتے رہیں گے جبکہ ہمارا جہاد جاری رہے گا اور ہم اسی تندہی کے ساتھ لڑتے رہیں گے جب تک نیٹو کا ایک بھی فوجی باقی ہے۔