(آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف آئندہ الیکشن میں ایک نشست بھی نہیں جیت سکے گی ،پچھلے انتخابات میں اس نے چند نشتیں لیں اس بار ان سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا ،عمران خان کرکٹ تو کھیل سکتے ہیں مگر ان کو سیاست ابھی سیکھنا ہوگی وہ سیاسی طور پر ابھی نابالغ ہیں ۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان دوسروں پر صرف الزام تراشی ہی کرسکتے ہیں ابھی وہ سیاسی طور پر نابالغ ہیں ان کو ایسا لگتا ہے کہ پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے مگر ایسا نہیں ہے پچھلے الیکشن میں تو تحریک انصاف نے چند نشستیں سندھ سے لے لی تھیں مگر اس بار خان صاحب ایک نشست بھی نہیں جیت پائیں گے بلکہ پہلے والی نشستوں سے بھی ہاتھ دھوبیٹھیں گے، کل ایک دوسرے کو گالیاں دینے والی جماعتیں پی ٹی آئی اور ایم کیوایم آج ایک ہو گئی ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں ان لوگوں سے ایسی ہی توقع تھی۔انہوں نے کہاکہ لگتا ہے الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے قبل از وقت انتخابات کے کوئی آثار نظر نہیں آتے ۔ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں امن وامان کی صورتحال کافی بہتر ہے بلکہ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہے ، قیام امن کیلئے مزید کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی تعیناتی کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کررہے ہیں تاہم فیصلے پر ہمارے کچھ تحفظات ہیں جن کے حل کیلئے قانونی راستہ اختیار کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ مردم شماری پر ہمارا موقف واضح ہے اور پہلے بھی کہا تھا کہ ہمیں مردم شماری پر تحفظات ہیں اور اب بھی ہمارا یہی موقف ہے ہم نے کئی بار وفاق کو خطوط کے ذریعے اپنے تحفظات سے آ گاہ کیا ہے مگر ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہو پا رہی ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کی بحالی اچھا اقدام ہے اور ہم پی سی بی سے درخواست کرینگے کہ انٹرنیشنل میچز کراچی میںبھی ہونے چاہیں بالخصوص پی ایس ایل کے میچز کراچی میں بھی رکھے جائیں یہاں پر اب امن وامان کی صورتحال دیگر صوبوں کی نسبت کافی بہتر ہے ۔