راولپنڈی (این این آئی) تھانہ رتہ امرال پولیس نے ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور سب انسپکٹر کیخلاف شہری کے گھر میں چوری کا مقدمہ کرلیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں قانون کے محافظ ہی چور بن گئے اور شہری کو لوٹ لیا ٗ مدعی کے مطابق ڈی ایس پی ضیغم عباس نے ایس ایچ او ندیم عباس، سب انسپکٹر رسالت اور نفری کے ہمراہ قتل کے ملزم کی گرفتاری کیلئے اس کے کزن ولید خان کے گھر پر چھاپا مارا تھا۔ ملزم تو پولیس کے ہاتھ نہ آیا تاہم قانون کے محافظوں نے ولید خان کے گھر کا ہی صفایا کردیا اور وہاں سے 10 تولے سونا اور ساڑھے پانچ لاکھ روپے چوری کرلیے۔ تاہم واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو ریکارڈ ہوگئی جومیڈیا پر منظر عام پر آگئی، مقدمہ عدالت کے حکم پر درج کیا گیا۔