ایشیا کپ پاکستان نے بے بی ٹیم ہانگ کانگ کو دبوچ لیا

دبئی ( بی بی سی ڈاٹ کام )ایشیا کپ میں گروپ اے کے دبئی میں کھیلے جانے والے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 117 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوور میں پورا کر لیا۔پاکستان کی جانب سے امام الحق 50 اور شعیب ملک نو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 41 کے سکور پر گر گئی جب فخر زمان 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔93 کے مجموعی سکور پر بابر اعظم 33 رنز بنا کر احسان خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔اس اننگز میں بابر اعظم ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 2000 رنز مکمل کرنے والے دوسرے بہترین بلے باز بن گئے ہیں۔ انھوں نے 2000 رنز اپنی 45 ویں ایک روزہ اننگز کھیلتے ہوئے مکمل کیے ہیں۔ خیال رہے کہ کم سے کم اننگز میں 2000 رنز بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس ہے جنھوں نے صرف 40 اننگز میں یہ معرکہ سرانجام دیا تھا۔اس سے قبل ہانگ کانگ کی نوجوان کرکٹرز پر مشتمل ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کی پوری ٹیم 37ویں اوور میں 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ہانگ کانگ کی پہلی وکٹ 13 کے سکور پر گری جب نزاکت خان کو شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔ دوسری وکٹ اشومن رتھ کی تھی جنھیں فہیم اشرف نے پویلین کی راہ دکھائی۔ہانگ کانگ کی تیسری وکٹ 39 کے سکور پر گری جب حسن علی نے کارٹر کو دو کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔17ویں اوور میں 44 کے مجموعی سکور پر شاداب خان نے بابر حیات کو سات اور احسان خان کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔عثمان خان شنواری نے اعزاز خان کو بولڈ کیا تو اس وقت ہانگ کانگ کا مجموعی سکور 97 تھا۔ اسی اوور میں انھوں نے مک کیچنی اور تنویر افضل کو آؤٹ کر دیا۔حسن علی نے کنچت شاہ کو 99 کے سکور پر آئوٹ کر کے پاکستان کو نویں کامیابی دلائی۔آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی احسان نواز تھے جو رن آؤٹ ہوئے۔متحدہ عرب امارت میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ہانگ کانگ کی ٹیم نے حال ہی میں کوالالمپور میں ایشیا کپ کا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں جیت حاصل کی جہاں اس نے فائنل میں متحدہ عرب امارات کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔ہانگ کانگ کی ٹیم کے کوچ سابق بھارتی میڈیم فاسٹ بولر وینکٹش پرساد ہیں جن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اس ٹورنامنٹ میں نہ صرف زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل کرے بلکہ اپنے سے مضبوط ٹیموں میں سے کسی ایک کو ہرا کر ون ڈے انٹرنیشنل کے مکمل استحقاق کی طرف پیش قدمی کرے۔دوسری جانب ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی طرف پاکستانی ٹیم کا سفر جاری ہے اور وہاں تک پہنچنے کے لیے اسے ایشیا کپ کے بعد آسٹریلیا نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنی ہے لہٰذا کوشش کریں گے کہ اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے جائیں تاکہ جب ورلڈ کپ میں پہنچیں تو ہمیں پتہ ہو کہ ٹیم کہاں کھڑی ہے۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر امید ہیں کہ ٹیم جس طرح پرفارمنس دیتی آئی ہے اس سلسلے کو برقرار رکھیں گے۔واضح رہے کہ آئی سی سی نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے میچوں کو بین الاقوامی میچوں کا درجہ دے رکھا ہے۔ہانگ کانگ نے اب تک 24 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رکھے ہیں جن میں سے اس نے 9 جیتے ہیں اور 14میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ہانگ کانگ کی ٹیم تیسری مرتبہ ایشیا کپ میں شرکت کررہی ہے۔پہلی بار اس نے2004 میں سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں شرکت کی تھی۔ اس کے بعد اس نے 2008 میں پاکستان میں منعقدہ ایشیا کپ میں حصہ لیا تھا تاہم دونوں مرتبہ وہ کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی۔ہانگ کانگ نے اسی سال زمبابوے میں منعقدہ ورلڈ کپ کوالیفائر میں افغانستان کو 30 رنز سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔اس سے قبل ہانگ کانگ نے پاکستان کے خلاف دو ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور دونوں ہی میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ہانگ کانگ کے موجودہ کپتان انشومن رتھ ہیں جنہوں نے16 ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک سنچری اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے736 رنز بنائے ہیں۔ ٹیم کے سب سے قابل اعتماد بیٹسمین بابرحیات ہیں جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 759رنز بنارکھے ہیں۔بولنگ میں لیفٹ آرم اسپنر ندیم احمد 38 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپ میں رکھا گیا ہے۔یہ ٹورنامنٹ انڈیامیں ہونا تھا لیکن اس سال اپریل میں ایشین کرکٹ کونسل نے یہ فیصلہ کیا کہ پاک انڈیا تعلقات کے پیش نظر اسے متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا جا رہا ہے۔گروپ اے سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پر مشتمل ہے جبکہ گروپ بی میں پاکستان، انڈیا اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایشیا کپ

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...