ملتان( سپیشل رپورٹر) سابق خاتون اول اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گزشتہ روز مختلف لیگی رہنماؤں نے اپنے گہرے دکھ اور رنج کااظہار کیا ہے۔ لیگی رہنماؤں نے اپنے تعزیزی پیغامات میںکہا ہے کہ میاں نواز شریف کا دیرینہ ساتھ دینے والی بہادر خاتون کا دنیا سے چلاجانا ایک المناک واقعہ ہے۔ شریف خاندان آج بھی حکومتی ظلم کاشکار ہے ان کے بچوں کو بھی جیلوں میں ڈالاگیا ہے۔ میاں نواز شریف کو قید تنہائی میں رکھ کر سزا سے زیادہ انتقام لیا جارہا ہے۔ کلثوم نواز نے آمر کے سامنے کلمہ حق بلند کیا تھا آج اس مشن کو ان کی بیٹی مریم نواز آگے لیکر چل رہی ہے۔ اس سلسلہ میں نمائندہ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر احسان الدین قریشی نے کہاکہ پاکستان میں آمریت کے خلاف کلثوم نواز ایک طاقتور آواز تھیں ۔ یہ آواز خاموش ہونے سے ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔ جو مدتوں پورا نہیں ہوسکے گا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شیخ اطہر ممتاز نے کہاکہ جمہوریت کے لئے شریف خاندان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ آج بھی شریف خاندان کو پابند سلاسل کیاگیا ہے۔ اس ظلم کے باوجود مسلم لیگ ن تحمل سے ملک کو مضبوطی کی خاطر اقدامات اٹھارہی ہے۔ سابق ایم پی اے ٹکٹ ہولڈر میاں عامر سعید انصاری نے کہاکہ شریف خاندان کے ساتھ ہمیشہ ظلم کیا گیا ۔ اس خاندان کی ملک کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ لیگی رہنما ارشد بوٹا نے کہاکہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو قید تنہائی میں رکھنا سزانہیں انتقام ہے۔ بیگم کلثوم نواز کو ناگہانی موت بھی ان کیلئے صدمہ ہے۔ ٹکٹ ہولڈر اور مسلم لیگ ن رانا اقبال سراج نے کہاکہ بیگم کلثوم نواز ایک دلیر اور بہادر خاتون تھیں۔ آج ملک عظیم اور درد دل رکھنے والی خاتون سے محروم ہوگیا ہے۔ چیئرمین یوسی 54حاجی رانا سجاد نے کہاکہ بیگم کلثوم نواز کی رحلت کسی سانحہ سے کم نہیں ہے۔ شریف خاندان کی ملک کیلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ اب سزا کے نام پر انتقام کو بند ہونا چاہئے ۔ لیگی رہنما راؤ ابرار علی نے کہاکہ بیگم کلثوم نواز جدوجہد اور بہادری کی مثال تھیں۔ مشرف آمریت کے خلاف ان کے طرز عمل نے جمہوریت کو دوام بخشا تھا۔ لیگی رہنما حاجی طاہر دین نے کہاکہ بیگم کلثوم نواز درد دل رکھنے والی اور کارکنوں سے پیار کرنے والی خاتون تھیں۔ ان کے جان سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پُر نہیں ہوسکے گا۔