لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے اگلے تین سال کے لیے کمرشل رائٹس کی قیمت کا تعین کرنے کے لیے خصوصی اجلاس گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں امارات کی مشہور سپورٹس کمپنی کے نمائندوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز سمیت پی ایس ایل کی فرنچائزز کو بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان سپر لیگ کی مارکیٹ ویلیو 75 ملین ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلے تین سال کے لیے کمرشل رائٹس سے اس کی مارکیٹ ویلیو میں اس سے کئی گناہ زیادہ فائدہ پاکستان سپر لیگ کو ہو سکتا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے تین کامیاب ایڈیشن سے اس کی کمرشل مارکیٹ ویلیو کئی گنا بڑھ چکی ہے اور اگلے تین سال کے لیے ہونے والے کمرشل رائٹس کی فروخت سے بھاری مالی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر دبئی سے تعلق رکھنے والی مشہور سپورٹس کمپنی کے نمائندوں نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب میں اس بات کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی مارکیٹ ویلیو اتنی زیادہ ہو گئی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ملکر اس کی مارکیٹ ویلیو میں مزید اضافہ کرنے کے لیے کام کرتے رہیں۔