وزیروں، مشیروں کی فوج، بجلی، گیس قیمتوں میں اضافے کیلئے سمریاں ہوش اڑا رہی ہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کو اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرناچاہیے۔ وزراء اور مشیروں کی فوج ظفر موج اور تیل، بجلی، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کی سمریاں عوام کے ہوش اڑا رہی ہیں۔ جماعت اسلامی تمام تر تحفظات کے باوجود حکومت کو موقع دینا چاہتی ہے مگر حکومت سابقہ حکومتوں کے ٹریک پر چڑھتی نظر آرہی ہے۔ دن بدن مایوسی اور ناامیدی کے سائے گہرے ہورہے ہیں۔ عوام محض حکمرانوں کی تبدیلی سے مطمئن نہیں ہوں گے۔ جب تک عام آدمی کی مشکلات اور مصائب میں کمی نہیں آئے گی، حکومت پر عوام کا اعتماد متزلزل رہے گا۔ وزیر خارجہ کا افغانستان کا دورہ، جلال آباد قونصل خانے کی بحالی، مشرقی اقتصادی کمیشن اور افغانستان سے درآمدات پر ڈیوٹی کا خاتمہ خوش آئند ہے اس سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات بڑھیں گے اور دوریاں ختم ہوں گی۔ منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت نے ابھی تک کوئی ایسا نمایاں کام نہیںکیا جس سے عا م آدمی کو ریلیف ملتا، حکومت نے ابھی تک لوٹی دولت واپس لانے اور بے لاگ احتساب کے اپنے نعروں اور وعدوں کی طرف ایک قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا نیب اور احتساب کے اداروں کے پاس ملک کو لوٹنے والے بڑے مگر مچھوں کی لسٹیں موجود ہیں۔ نیب میں کرپشن کے 150 میگا سکینڈلز کا مکمل ریکارڈ پڑا ہے عوام کو بتایا جائے حکومت کس مصلحت کے تحت قوم کے ان مجرموں کو ڈھیل دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی کی ’’احتساب سب کا‘‘ اور کرپشن فری پاکستان تحریک جاری ہے، ہم چاہتے ہیں لوٹی گئی قومی دولت پاکستان لائی جائے بیرونی بنکوں میں موجود کرپشن کا پیسہ واپس آئے اور جنہوں نے عوام کو غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے تحفے دیئے اور قومی خزانہ لوٹ کر دبئی، لندن اور پانامہ میں بزنس امپائرز کھڑی کیں انہیں احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پاکستان کا 375 ارب ڈالر کا خطیر سرمایہ بیرونی بنکوں میں موجود ہے وہ واپس آجائے تو نہ صرف بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دیا جاسکتاہے بلکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سمیت کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑیںگے۔ انہوں نے ارکان جماعت کو آنے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بھر پور تیاری کی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن