حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد میں شجر کاری مہم شروع ہوتے ہی میونسپل کمیٹی کے خاکروبو ں اور سینٹری ورکرز نے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کو سڑکوں اور شاہرائوں کے کنارے جمع کرکے آگ لگا کر آلودگی پھیلانا شروع کردی۔ جس سے شہری سانس ، گلے اور ناک کی بیمایوں میں مبتلا ہونا شروع ہوگئے۔ شہریوں نے خاکروبوں اور سینٹری ورکرز کے اس عمل پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایک جانب زیادہ سے زیادہ پودے اور درخت لگا کر ماحول سے آلودگی کے خاتمہ کے لئے کوشاں ہے جبکہ دوسری جانب میونسپل کمیٹی کا عملہ شہربھر میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کو آگ لگا کر آلودگی میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔ جسکا کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر کو سخت نوٹس لینا چاہئے ۔ تاکہ شہریوں کو بڑھی آلودگی اور بیماریوں سے بچایا جاسکے۔دوسری جانب خاکروبوں کا کہنا ہے کہ کمیٹی انہیں کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے ریڑھیاں اور رکشے فراہم نہیں کررہی جس کی وجہ سے وہ کوڑے کرکٹ کو اکٹھا کرکے آگ لگانے پر مجبور ہیں۔