گلبرگ گرڈ اسٹیشن کے آپریشنل ہونے سے اوورلوڈ نگ اورکم وولٹیج کا خاتمہ ہو گا،باسط زمان

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)آئیسکو چیف باسط زمان احمد نے کہا ہے کہ آئیسکو ریجن میں نئے گرڈ اسٹیشنز کی تعمیراور موجودہ گرڈ اسٹیشنز کی استعداد کو بڑھائے جانے کا مقصدصارفین کو بجلی کی مستحکم اوربلاتعطل فراہمی ہے،آئیسکو مستقبل کی ضروریات سے بخوبی آگا ہ ہے اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر اپنے ترسیلی نظام میں توسیع اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کے استحکام کیلئے نئے گرڈ اسٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ گرڈ اسٹیشنز کی اپ گرڈ یشن کے منصوبوں پر عمل پیراہے ۔ان خیالات کا اظہار آئیسکو چیف نے 132KVگلبرگ گرڈ اسٹیشن اسلام آباد کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر (جی ایس سی)راجہ شکور نے آئیسکو چیف کو گلبرگ گر ڈ اسٹیشن کے متعلق تکنیکی بریفنگ دی اور بتایا کہ 19کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے گلبرگ گرڈ اسٹیشن میں26MVAکی صلاحیت کا حامل ایک ٹرانسفارمرلگایا گیا ہے جبکہ اس گرڈمیں مزید 3پاور ٹرانسفارمرزاور مجموعی طور پر 160MVA کے پاور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کی گنجائش موجود ہے، اسی طرح اس گرڈ سے 8فیڈرز منسلک کئے گئے ہیںجبکہ مستقبل میں اس گرڈ سے مجموعی طور پر 32فیڈرز نکالے جاسکتے ہیں۔ آئیسکو چیف نے پی ڈی (جی ایس سی) اور جی ایس اوکے افسران اور عملہ کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں گرڈ اسٹیشن کی مقررہ وقت میں تکمیل پر مبارکباد دی، اس موقع آئیسکو چیف نے کہا کہ گلبرگ گرڈ اسٹیشن کے آپریشنل ہونے سے گلبرگ اسلام آباد اور اس سے منسلک علاقوں کے صارفین مستفید ہونگے اور انکی اوورلوڈ نگ اور لوولٹیج کی شکایات کا خاتمہ ممکن ہو جائے گااور جہاں صارفین کو مستحکم بجلی کی سپلائی یقینی بنائی جاسکے گی وہیں نئے کنکشزکے اجراء کے ساتھ ساتھ لائن لاسز میں بھی کمی واقع ہوگی ۔

ای پیپر دی نیشن