عالمی برادری بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بہنے والے انسانی خون پر توجہ دے: راجہ محمد فاروق حیدر خان

آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری حریت پسند کے جسد خاکی کو گاڑی کیساتھ باندھ کر گھسیٹنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوے اس کو بزدل بھارتی فوج کی جانب سے تمام تر بین الاقومی ضابطوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے دو دن کے دوران سات سے زائد نوجوانوں کی شہادت بہت بڑا انسانی المیہ ہے۔عالمی برادری بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بہنے والے انسانی خون پر توجہ دے۔بھارتی فوج کو کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ سے روکا جائے۔انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھارتی فوج کے گھناونے اقدامات کا نوٹس لیں۔وزیراعظم نے یہ بات ایک انٹرویو کے دوران کہی۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارتی فوج نے گذشتہ دو دن کے دوران اپنی بہیمانہ کارروائیوں کے دوران سات سے زیادہ نوجوانوں کو شہید کیا جبکہ محاصرے کے دوران کئی املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں ایک طرف تو وہ جب چاہے کسی بھی علاقے کا محاصرہ کر کے وہاں تلاشی کی کارروئیوں کے دوران چادر اور چار دیواری کے۔تقدس کو پامال کرتی ہے جبکہ دوسری جانب اس ظالمانہ کارروائی کے دوران بچوں اور بوڑھوں ،خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو ایک جمہوری ملک کہتا ہے مگر کشمیر میں اس نے تمام تر جمہوری ضابطوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو پیلٹ گنوں کے ذریعے اندھا بنا کر بھارت نے خوف و دہشت کا ماحول بنا دیا ہے جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی جانوں کو خطراے لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے حریت پسند کے جسد خاکی کو گاڑی سے باندھ کر جس بہیمانہ انداز میں گھسیٹا وہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت پر کلنک کا ایک ٹیکہ ہے۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کر کے بھارت نے نازیوں اور مسولینی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے عالمی برادری خاص طور پر ویٹو پاورز سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں روا رکھی جانے والی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کریں تاکہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ نے جو حق دے رکھا ہے اس پر عمدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن