اسلا م آباد( خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی رہنما ڈاکٹرعاصم حسین کی مسابقتی کمیشن رپورٹ فراہم کرنے کی درخواست خارج کر دی، جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ ایسی رپورٹ کیوں لینا چاہتے ہیں جو آپکے خلاف جائے گی ڈاکٹر عاصم آ بیل مجھے مار والا کام کیوں کرنا چاہتے ہیں سپریم کورٹ میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم کی مسابقتی کمیشن رپورٹ فراہم کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت ڈاکٹر عاصم کے وکیل لطیف کھوسہ نے مسابقتی کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ فراہم کرنے کی استدعا کی جس پر جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ایسی رپورٹ کیوں لینا چاہتے ہیں جو آپکے خلاف جائے گی ڈاکٹر عاصم آ بیل مجھے مار والا کام کیوں کرنا چاہتے ہیں؟جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ اپنے موقف میں نیب کہتی ہے کہ مسابقتی کمیشن رپورٹ پر انحصار نہیں کر رہی نیب کو زبردستی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا کیسے کہہ دیں ڈاکڑ عاصم کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ نیب اور ڈاکٹر عاصم کیلئے الگ قانون کیوں ہے جس پر جسٹس گلزار احمد بولے ہمارے لیے کسی نام کی کوئی اہمیت نہیں۔ عدالت نے مسابقتی کمیشن رپورٹ فراہم کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ نیب ٹرائل کورٹ میں رپورٹ پیش کرے تو ڈاکٹر عاصم نقل کے حصول کے حقدار ہونگے۔