لاہور(نیوزرپورٹر)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ محکمہ زراعت ڈینگی کے لاروے کی تلفی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔انسدادِ ڈینگی مہم میں محکمہ زراعت کے انٹمالوجسٹس پوری جانفشانی سے کام کر رہے ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے اور اس سے تحفظ کیلئے عوام اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں،فالتو اشیاء اور کوڑا کرکٹ احتیاط سے ٹھکانے لگائیں۔گملوںاور پرانے ٹائروں و دیگر ایسی اشیاء میں پانی جمع ہونے نہ دیں۔تازہ پانی کا استعمال کریں اور پانی دیر تک ذخیرہ نہ ہونے دیں۔اپنے گھروں،دفاتر،گودام،کچن اور بیڈروم کی صفائی یقینی بنائیں۔پانی کی ٹینکی،ڈرم،گھڑا وغیرہ اچھی طرح ڈھانپ کر رکھیں۔گھروں کی چھتوں پر نالوں میں خشک پتوں اور گھاس کو اچھی طرح صاف کر لیں۔گھروں کے اندر مچھر مار سپرے کروائیں ۔مچھر زیادہ ہوں تو کوائل،میٹ یا مچھر بھگاؤ لوشن استعمال کریں۔مزید معلومات کیلئے محکمہ صحت کی ہیلپ لائن0800-99000 پر رابطہ قائم کریں۔