ویلیوایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے:عبدالرزاق دائود

Sep 17, 2019

۱لاہور(کامرس رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس، ٹیکسٹائل، انڈسٹریز، پروڈکشن اور انویسٹمنٹ عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ ویلیوایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے، جولائی 2018ء کے مقابلے میں جولائی 2019کے دوران برآمدات میں 14فیصد اضافہ اور درآمدات میں اٹھارہ فیصد کمی یہ ظاہر کرتی ہے کہ معاملات درست سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کی ایکسپورٹ ٹرافی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین، سابق عہدیداران اور تاجر برادری کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ معیشت کو درست کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کررہے ہیں، ماضی میں زمینی حقائق کو مدنظر رکھے بغیر اٹھائے گئے اقدامات سے معیشت کو نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں معیشت کا رخ درآمدات کی طرف موڑا گیا، بھاری درآمدات، انڈرانوائسنگ ،حقائق کے منافی ٹیرف سٹرکچر اور غیرمتوازن ایکسچینج ریٹ نے معاشی مسائل پیدا کیے۔

مزیدخبریں