اسلام آباد (اے پی پی)پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر رانا شوکت علی خان نے فیفا کی جانب سے بنائی گئی نارملائزیشن کمیٹی کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کمیٹی کو ملک میں فٹ بال کیلئے ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ کام کرنا چاہئے تاکہ کل کوئی بھی ان پر انگلی نہ اٹھائے، انہوں نے فیفا کی جانب سے نارملائزیشن کمیٹی بنانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوتے کہا کہ فیفا نے اس ملک میں دوبارہ فٹ بال کو زندہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپس کی گروپوں کی لڑائیوں نے کھلاڑیوں کا بہت نقصان کیا ہے اور ہمارا سب کا ایک ہی مشن ہے کہ ملک میں فٹ بال کا فروغ ہو۔ واضح رہے کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان میں فٹ بال کے امور چلانے کیلئے پانچ رکنی نارملائزیشن کمیٹی حمزہ خان کی سربراہی میں قائم کر دی ہے۔