موہالی (سپورٹس ڈیسک) بھارت اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (کل) بدھ کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جو دھرم شالا میں کھیلا جانا تھا بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ بھارتی ٹیم ویرات کوہلی کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض کوئنٹن ڈی کاک انجام دیں گے۔ دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہی ہیں اور ماہرین کرکٹ نے بھی دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کی پیشنگوئی کی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 22 ستمبر کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں دوسرے ٹی ٹونٹی میں کل آمنے سامنے
Sep 17, 2019