لاہور(نمائندہ سپورٹس)متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ہونے والی فلائی ویٹ باٹ باکسنگ چیمپیئن جیتنے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فتح کے بعد وطن واپسی پر استقبال نہ ہونے پر قوم سے شکوہ کیا ہے۔محمد وسیم نے 3 دن قبل 13 ستمبر کو دبئی کے میرینہ باکسنگ ہال میں فلپائنی باکسر کو شکست دے کر چیمپیئن جیتی تھی۔محمد وسیم نے فائنل میں فلپائنی باکسر کونراڈوسور کو محض 82 سیکنڈ میں چت ناک آئوٹ کرکے اعزاز اپنے نام کیا تھا۔محمد وسیم نے باکسنگ چیمپیئن جیتنے کے بعد کامیابی کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کیا تھا۔محمد وسیم باکسنگ چیمپیئن شپ جیتنے کے بعد 15 ستمبر کو وطن پہنچے تھے، جہاں باکسنگ فیڈریشن کے عہدیداروں سمیت کسی اعلیٰ عہدیدار نے ان کا استقبال نہیں کیا تھا اور انہیں اعزاز جیتنے کے باوجود کرائے کی ٹیکسی پر گھر روانہ ہونا پڑا تھا۔ملک کا نام روشن کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے باوجود اپنا استقبال نہ ہونے پر محمد وسیم دلبرداشتہ ہوگئے اور انہوں نے ایک شکایتی ٹوئیٹ کردیا۔انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا تھا کہ ’ انہوں نے ایئرپورٹ پر اپنے استقبال کے لیے فائٹ نہیں لڑی بلکہ انہوں نے یہ فائٹ اس لیے لڑی کہ دنیا بھر میں پاکستان کا شاندار استقبال ہو۔شکایتی ٹویٹ کیے جانے کے بعد کئی افراد نے انہیں جواب دیا اور ان سے معذرت کی۔ وسیم اکرم نے پورے پاکستان کی جانب سے معذرت کی۔وسیم اکرم نے باکسر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ملک اور قوم کے ہیرو ہیں اور اگلی مرتبہ وہ خود انہیں ایئرپورٹ پر لینے آئینگے ۔محمد حفیظ نے بھی محمد وسیم کے ٹوئیٹ پر کمنٹ کیا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔محمد حفیظ نے ان کے لیے مزید لکھا کہ وہ پاکستان کے لیے فخر ہیں اور قوم ان کی عزت کرتی ہے۔