راولپنڈی (جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی میں ڈینگی مچھر نے مزید 2 زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے۔ رواں برس جڑواں شہروں میں ڈینگی بخار کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج ڈینگی بخار میں مبتلا مزید 2 مریض جاں بحق ہوگئے جن میں آزاد کشمیر کی 27 سالہ ثوبیہ اور اسلام آباد کا رہائشی 38 سالہ عمیر شامل ہیں۔ راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید اٹھاسی افراد ڈینگی کا نشانہ بن گئے، جس کے بعد راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ مجموعی مریضوں کی تعداد 2 ہزار چار سو چالیس تک پہنچ چکی ہے۔ پوٹھو ہار ٹاؤن کے علاقوں سے چوالیس افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں۔ اسلام آباد سے 806، اٹک سے 8، جہلم سے 2 اور چکوال سے 10 مریض ڈینگی کا شکار ہوچکے ہیں۔ راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے نافذ کی گئی ایمرجنسی تاحال برقرار ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 916 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں اضافی وارڈز کے باوجود ڈینگی مریضوں کے لئے جگہ ختم ہونے کے سبب سرکاری ہسپتالوں کے ریلوے، کنٹونمنٹ بورڈ، پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ الپوری آن لائن کے مطابق شانگلہ بشام کوئز میں مزید 12 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 138 تک جا پہنچی۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال الپوری میں ڈینگی مریضوں کیلئے علیحدہ وارڈ بنایا گیا ہے۔
ڈینگی راولپنڈی میں مزید 2 جانیں نگل گیا، ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی
Sep 17, 2019