اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے قصور میں درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کی جانے والی بچی زینب شہید کے والد محمد امین انصاری نے ملاقات۔ ملاقات میں ملک میں بچوں بچیوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے زیادتی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محمد امین انصاری نے کہاکہ حکومت نے عوامی دبائو پر زینب الرٹ بل پاس تو کرلیا مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہورہا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی اس کے خلاف عوامی سطح پر اور قومی اسمبلی و سینٹ میں بھر پور آواز اٹھائے گی ۔ معصوم پھولوں اور کلیوں کو درندوں سے بچانے اور جنسی درندوں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے زینب الرٹ بل پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنا ضروری ہے۔ مجرموں کے ساتھ ہمدردی کرنے والے دراصل ان کی سرپرستی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان گھنائونے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔