اسلام آباد (وقا ئع نگار) معطل ایڈیشنل سیشن جج محمد جہانگیر اعوان نے تحریک انصاف کی ایم پی اے کے شوہر سے جھگڑے اور تشدد پر درج مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔ سیشن کورٹ نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج سید فیضان حیدر گیلانی نے معطل جج کی مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت کی تو پولیس نے جواب داخل کرایا کہ زخمی ہونے والے مدعی کی میڈیکل رپورٹ ملنے کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ شریک ملزم بلال گرفتار ہے جبکہ مرکزی ملزم چودھری خرم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ مقدمہ درج کرنے کی درخواست داخل دفتر کی جائے۔ معطل ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کے وکیل نے مقدمہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کرنے کی درخواست جمع کرائی۔ عدالت نے 23 ستمبر تک واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔