اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اوزون کی تہہ کی حفاظت کا عالمی دن بدھ کو منایا گیا۔ اس دن کے منانے کا مقصد اوزون کی تہہ کی حفاظت کے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس دن کی مناسبت سے محکمہ ماحولیات اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مقررین نے اوزون کی تہہ کو پہنچنے والے نقصانات سے انسانی صحت اور زمین پر رونما ہونے والے مہلک اثرات سے آگاہ کیا۔ ماحولیات کے ماہرین کے مطابق مہلک گیسوں کی بدولت اوز ون کی تہہ کو نقصان پہنچ رہا ہے جس کی وجہ سے سورج کی بالائے بنفشی شعاعیں براہ راست زمین تک پہنچ کر انسانی صحت کیلئے سنگین خطرات کا باعث بن رہی ہیں۔ ایسے میں زہریلی گیسوں کے اخراج کا باعث بننے والے اداروں کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔