لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات و منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 21ستمبر تک توسیع کردی ۔ بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات و مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔شہبازشریف نے موقف پیش کیا کہ نیب میں پیش ہوا تو مجھے کہا گیا کہ تفتیش مکمل ہوگئی ہے، میں خود پاکستان آیا ہوں، کینسر کا مریض ہوں، مجھے علاج کے لیے بیرون ملک جانا پڑتا ہے، نیب نے بد نیتی کی بنیاد پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ صرف ایون فیلڈ والے کیس کو ہی نہ دیکھیں یہ بھی کیس ہے، آپ ہر دفعہ تین ہفتوں کی درخواست دے دیتے ہیں۔شہبازشریف نے جواب دیا کہ عدالت دو ہفتوں بعد کی کوئی تاریخ دے دے۔ عدالت نے شہباز شریف کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ نے کہا تاریخ دیں تو وہ دے دی ہے، پہلے بھی متعدد بار التوا کی درخواست منظور کرچکے ہیں، زیادہ لمبی تاریخ نہیں دے سکتے، عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کردی۔
منی لانڈرنگ کیس: شہبازشریف کی عبوری ضمانت میں 21ستمبر تک توسیع
Sep 17, 2020