قلعہ سیف اللہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہمیں قبول کرنا ہوگا کہ بلوچستان کی پسماندگی کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔ ماضی کی ناقص منصوبہ بندی اور مناسب حکمت عملی کے فقدان سے بلوچستان ترقی کی منازل طے نہ کرسکا، اگر وسائل کو صحیح معنوں میں بروئے کار لایا جاتا تو یقینا آج صوبے کی حالت بہت بہتر ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلی نے پاک افغان بارڈر بادینی کے مقام پر ٹریڈ ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف، صوبائی وزرا میر ضیا لانگو، مٹھا خان کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی مولوی نوراللہ، آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ علاقے کے قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ قبل ازیں وزیراعلی نے تختی کی نقاب کشائی کرکے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا، متعلقہ حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔