اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات شبلی فراز سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزبی نے ملاقات کی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے ثقافت اور ورثے کی بنیاد پر قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ تجارت کے حجم میں اضافے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ملاقات میں تجارت اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ یو اے ای سفیر نے امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کے سٹرکچر میں نمایاں تبدیلی لا رہے ہیں، پروگرامز کو بہتر کیا جا رہا ہے، جلد اہم اقدامات کا اعلان کیا جائے گا جس سے ہماری اخلاقی اقدار اور ثقافتی رنگ بہتر طریقے سے اجاگر ہوں گے، اپنے تہذیبی ورثے کی حفاظت کریں گے۔ شبلی فراز نے بتایا کہ پی ٹی وی کو سیاسی و مذہبی اجتماعات کو بھی کوریج دینی چاہیے، اگر نہیں دی گئی تو اس بارے میں پی ٹی وی سے پوچھا جائے گا کہ کیوں نہیں دی گئی۔ چیئرمین سینٹ اور دیگر سینیٹرز کے استفسار پر وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے پروگرام نشر کئے جائیں گے جو عوام اپنی فیملیز کے ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکیں۔ سوشل میڈیا کی یلغار نے معاشرے میں کافی تبدیلی پیدا کی ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پی ٹی وی معاشی و انتظامی بد انتظامی اور سیاسی بھرتیوں کا شکار رہا ہے جو بھی ہمیں ورثے میں ملا اسے ٹھیک کر رہے ہیں۔