فرسٹ الیون ٹیموں کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ پر اپ ڈیٹ 

Sep 17, 2020 | 17:04

سپورٹس رپورٹر

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ الیون سکواڈز کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے بعد کل 103 کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو آج بروز جمعرات سنٹرل سٹیشنز میں طلب کرلیا ہے۔ ان تمام افراد کے پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ اب ان 103 افراد کی دوسری کوویڈ19 ٹیسٹنگ 18 ستمبر کو پی سی بی میڈیکل ٹیم کی زیرنگرانی ان کی ٹیم کے لیے مقررہ سنٹرل اسٹیشنز پر ہوگی۔ سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے لیے رمادا ہوٹل ملتان جبکہ بلوچستان اور سندھ کے لیے مریدکے کنٹری کلب لاہور کو سنٹرل اسٹیشن مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران سکواڈز میں شامل ہر فرد کو علیحدہ علیحدہ کمروں میں رہائش دی جائے گی۔ ان سکواڈز میں شامل ایک فرد کا کوویڈ19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہیں آئندہ پانچ روز کے لیے اپنی رہائشگاہ میں سیلف آئسولیٹ کردیا گیا ہےجس کے بعد ان کاایک اور کوویڈ19 ٹیسٹ ہوگا۔ اس ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں دوسرے ٹیسٹ کے لیے سنٹرل سٹیشن طلب کیا جائے گا۔ دورہ انگلینڈ سے وطن واپس پہنچنے والے قومی کرکٹرز کو اپنے پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ 22 ستمبرکو پی سی بی کے شعبہ میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز کو جمع کرانی ہے۔

مزیدخبریں