پی ایچ ایف نے وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ویژن کے مطابق کام شروع کیا ہے : چیف سلیکٹر اولمپیئن منظور جونیئر

Sep 17, 2020 | 18:11

چودھری اشرف

لاہور(چودھری اشرف) پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر اولمپیئن منظور جونیئر کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف نے وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ویژن کے مطابق کام شروع کیا ہے۔ چیف آف آرمی نے پانچ کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر کے پاکستان ہاکی کی مالی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی ہے جس پر تمام ہاکی فیملی ان کی مشکور ہے۔ ایک سوال کے جواب میں منظور جونیئر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کو 17 نمبر پر پہنچانے والے سابق فارن کوچ رولینٹ اولٹمینز ہیں۔ میں پرامید ہوں کو پاکستان ٹیم جلد وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرئے گی۔ ہمارے کھلاڑیوں میں خدا داد صلاحیتں ہیں۔ منظور جونیئر کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان کی طرف سے تیرہ سال تک ہاکی کھیلی ہے، رولینٹ اولٹمینز کا اپنا خیال تھا کہ پاکستان ٹیم اگلے دس سال تک وکٹری سٹینڈ تک نہیں آ سکتی۔ اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں ہالینڈ کے خلاف دو ماہ کی مختصر تیاری کے بعد جس طرح کا کھیل پیش کیا اور نیک نیتی سے محنت کی جائے تو امید ہے کہ ہم اپنے کھوئے ہوئے اعزازت واپس حاصل کر سکتے ہیں۔ منظور جونیئر کا کہنا تھا کہ تین چار سال پہلے پاکستان میں ہاکی کی سرگرمیاں مکمل طور پر ختم ہو کر رہ گئی تھیں تاہم پی ایچ ایف صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری آصف باجوہ کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے ہاکی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ آصف باجوہ نے جب چارج سنبھالا تو اس وقت کھلاڑیوں کا پول بہت ہی کم تھا لیکن اب دو ڈھائی سو کھلاڑیوں کا پول بن گیا ہے جس کی بڑی وجہ یہی ہے کہ گذشتہ ایک ڈیڑھ سال سے ہاکی ہو رہی ہے۔ جونیئر ایشیا کپ کی تیاری کے حوالے سے چیف سلیکٹر منظور جونیئر کا کہنا تھا کہ پہلے ہمارا ارادہ تھا کہ تربیتی کیمپ کے لیے 60 سے 65 کھلاڑیوں کو بلایا جائے لیکن اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اتنے ہی کھلاڑیوں کو بلایا جائے جن پر توجہ دیکر تیاری کرائی جائے۔ کرونا وائرس لاک ڈاون کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل رابطے پر رہے ہیں، ٹائم ٹو ٹائم کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس پر بتایا جاتا رہا ہے۔ میٹنگ کا ایک ہی ایجنڈا تھا کہ جونیئر ایشیا کپ کی تیاریوں کا فوری آغاز کیا جائے۔ منظور جونیئر کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کی تیاری کے لیے قومی کھلاڑیوں کا فزیکل فٹنس کیمپ ایبٹ آباد میں آرمی ٹریننگ سکول میں لگایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بنائی جا سکے۔

مزیدخبریں