لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہورآرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام خطاطی کی 8روزہ قومی نمائش ”لوح وقلم“کا آغاز ہوگیا۔صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے چیئر پرسن بورڈآف گورنرز لاہورآرٹس کونسل منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا ثمن رائے کے ساتھ نمائش کا افتتاح کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطاطی اسلامی فنون میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے جس کے فن پارے دنیا بھر کی آرٹ گیلرلز اور میوزیم کی زینت ہیں،الحمرا آرٹ کے شعبے میں نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کرنے میں درجہ اول کا ادارہ ہے،پاکستانی نوجوان دنیاکے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوا چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ دھرتی آرٹ اور آرٹسٹ کیلئے بڑی زرخیز ہے،کامیاب نمائش کے انعقاد پر میں الحمرا انتظامیہ خصوصاََ ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل ثمن رائے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،نمائش میں قرآنی آیات،احادیث،اقبال کی شاعری،اردو اور فارسی کلام کے فن پارے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔چیئر پرسن بورڈآف گورنز لاہورآرٹس کونسل منیزہ ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ خطاطی قدیم تہذیبوں کی عکاس اور تمدنی شعور کا خوبصورت اظہار ہے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا ثمن رائے کہا کہ الحمرا نوجوانوں میں تعمیری وتخلیقی صلاحیتیں اجاگر کررہا ہے،ہمارے عالمی شہرت یافتہ آرٹسٹوں نے خطاطی کو اپنے کام میں بخوبی استعمال کیا ہے،اس فن کو نئی نسل میں منتقل کررہے ہیں۔گیلر افرایسویسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری عرفان قریشی نے اس درجے کی کامیاب اور اہم کاوش پر الحمرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میں 100 سے زائد خطاطین کے 150 فن پارے آویزاں کئے گئے ہیں،نمائش ”لوح وقلم“ کے ساتھ ورکشاپ اور مقابلہ مصوری کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر ذوالفقار علی زلفی نے تقریب کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے فن ِخطاطی کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیا۔