جنیوا(کے پی آئی، این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی )نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کو درپیش انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ازالہ کرے۔جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 48 ویں اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم نے جموں وکشمیر اور فلسطین کے مسائل اٹھائے ان دونوں خطوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا، پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کی طرف سے خطاب کرتے ہوئے کونسل پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے دی گئی سفارشات پر عمل درآمد کرے۔نائیجر میں 47ویں وزرائے خارجہ کانفرنس میں او آئی سی نے 5اگست 2019 کو مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کئے گئے تمام غیر قانونی اقدامات کی فوری منسوخی کا مطالبہ کیا جن میں مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کی تبدیلی اور کشمیریوںکو ان کے بنیادی حقو ق سے محرومی شامل ہے۔ خلیل ہاشمی نے کہا کہ ہم عالمی برادری کو اس کی ذمہ داریوں کی یاد دلاناچاہتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کو ان کے حقوق دلانے کیلئے جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔او آئی سی نے بیان میں مشرقی بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطین میں بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی حقو ق سے متعلق قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں پربھی شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔